پی آئی اے انتظامیہ کی مبینہ غفلت،متعدد طیارے گراؤنڈ، یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

15 Dec, 2024 | 11:42 AM

سعید احمد: پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث قومی ایئر لائن کے متعدد طیارے گراونڈ ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں یورپ جانے والی پروازوں کے آپریشن میں خلل کا سامنا ہے۔

 پی آئی اے کے 34 طیاروں میں سے 17 طیارے گراونڈ ہیں، جن میں بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 اور ایئر بس اے320 کے 17 طیاروں میں سے 7 طیارے شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق گراونڈ ہونے والے طیاروں میں زیادہ تر انجن، لینڈنگ گئر، اے پی یو سمیت دیگر پرزہ جات کی کمی کے باعث انہیں آپریشن سے نکال دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں قومی ایئر لائن کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ بیشتر طیارے کئی سالوں سے گراونڈ ہیں اور ان کے پرزہ جات دیگر طیاروں میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ  بوئنگ 777 طیاروں کے گراونڈ ہونے کی وجہ سے پیرس کے لیے شروع ہونے والا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ یورپی سیفٹی ایجنسی ایاسا (EASA) نے پی آئی اے کو واضح کیا ہے کہ یورپ آنے والے جہازوں کا سخت سافٹ انسپیکشن کیا جائے گا اور ان کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پیرس کے لیے آپریٹ ہونے والا جہاز تیار کر لیا گیا ہے اور فلائٹ آپریشن جلد بحال ہو جائے گا۔

مزیدخبریں