ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

15 Dec, 2024 | 09:17 AM

اسوہ فاطمہ,فاران خان: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

شہر لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کم سے کم درجہ حرارت 5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کوئی کمی نہیں آئی، ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 273 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ فدا حسین روڈ پر آلودگی کی شرح 398، پاکستان انجینئرنگ سروس میں 388، فیز 8 ڈی ایچ اے میں 330 اور امریکی قونصلیٹ میں 459 ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کا موسم سرد اور خشک ہے جہاں صبح سویرے ہلکی دھند چھائی ہوئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم محسوس ہونے والا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ہے اور شمال مشرق سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ دن بھر درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ چند دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔

سرد موسم کے ساتھ ساتھ ائیر کوالٹی انڈکس بھی مضر صحت ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گیارویں نمبر پر آگیا ہے۔ ایئرکوالٹی انڈکس کے مطابق کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال سرفہرست ہے جہاں اے کیو آئی 173 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کورنگی اور شاہراہ فیصل بالترتیب دوسرے اور تیسرے آلودہ ترین علاقے ہیں۔ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 166 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے جو صحت کے لیے مضر ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تجویز دی ہے کیونکہ 100 سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز صحت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب  محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے تاہم وسطی/جنوبی پنجاب کے بعض مقامات پرہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا ۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان  ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔صبح کے اوقات میں ساہیوال، اوکاڑہ ، ملتان،بہاولپور، رحیم یار خان ، بہاولنگراور گردونواح میں بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔تاہم رات کے اوقات میں کوئٹہ، چمن، زیارت ، پشین، چاغی، قلعہ عبداللہ میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں