مہنگائی کا راج برقرار، ادارہ شماریات نے مہنگائی بارے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی

15 Dec, 2023 | 09:50 PM

وقاص عظیم: مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں معمولی کمی لیکن ملک میں مہنگائی کا راج برقرار، ادارہ شماریات نے مہنگائی بارے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ06 فیصد معمولی کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 43 اعشاریہ16 فیصد ریکارڈ کی گئی، 19 اشیاء کے دام بڑھ گئے 10 کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی،دالیں،انڈے سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت 8 روپے 15 مہنگی ہو گئی، چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے 28 پیسے سے بڑھ کر 143 روپے 43 پیسے ہو گئی، انڈے فی درجن 8 روپے 3 پیسے، دال مونگ 3 روپے 36 فی کلو، پیاز فی کلو 1 روپے 95 پیسے مہنگے ہوئے، گندم کا آٹا،جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی۔

 رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر،آلو چائے کی پتی سمیت 10 اشیاء سستی ہوئیں،آلو فی کلو 12 روپے27 پیسے، ٹماٹر فی کلو 6 روپے93 پیسے سستے ہوئے جبکہ بریڈ، تازہ دودھ اور بیف سمیت 22 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔

مزیدخبریں