سٹی42: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئی بھی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی،تحریک آزادی کشمیر کو متحرک رہنا چاہیے، آزادی کی تحریک کیلئے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، بھارت اپنی حد میں رہے اپنی حد کراس نہ کرے، مقبوضہ کشمیر کا یکطرفہ فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ ہی کبھی ہوگا، مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اپنا شہری سمجھتے ہیں اور اپنے شہریوں کی کسی صورت پامالی نہیں ہونے دیں گے، جہاں کارروائی کی ضرورت ہوگی کارروائی کریں گے، کشمیری قیادت سے مل کر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جلد ہی اسلام آباد میں دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں تحریک کو جلا بخشنے پر بات چیت ہوگی، نگران وزیر خارجہ اور ہمارے مشن متحرک نظر آئیں گے۔