جب آپ ہمارے پاس آئیں گے تو ہم آئین کے مطابق چلیں گے، چیف جسٹس

15 Dec, 2023 | 12:49 PM

Ansa Awais

( سٹی42)سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی برطرفی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔

 تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت بھی بینچ میں شامل ہیں،درخواست گزار کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے بتایا کہ ان کے مؤکل نے اپنی درخواست میں فریقین کے نام ڈال دیئے ہیں۔

  چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کیا درست ہیں؟ شوکت عزیز صدیقی کو ان الزامات پر مبنی تقریر پر برطرف کیا گیا، سوچ کر جواب دیں کہ کیا آپ کے الزمات درست ہیں، وہ جنرل جنہیں آپ فریق بنانا چاہتے ہیں کیا وہ خود 2018 میں اقتدار میں آنا چاہتے تھے؟،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اگر آپ کے الزامات درست ہیں تو وہ جنرلز کسی کے سہولت کار بننا چاہ رہے تھے، جس کی یہ جنرل سہولت کاری کر رہے تھے وہ کون تھا؟ اگر آپ کے الزامات درست ہیں تو وہ وزیراعظم کو ہٹا کر کسی اور کو لانا چاہ رہے ہوں گے تو وہ کون تھا۔

 شوکت عزیز صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ میرے مؤکل کی جانب سے لگائے گئے الزامات درست ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ ہمارے سامنے آرٹیکل 184 تین کے تحت آئے ہیں، یہ بھی یاد رکھیں کہ اصل دائرہ اختیار کے تحت کیا ہو سکتا ہے۔

 چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کیا کوئی فوجی افسر خود وزیراعظم بننا چاہتا تھا؟ سہولت کاروں کو فریق بنا لیا ہے تو فائدہ اٹھانے والے کو کیوں نہیں بنایا؟ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا فائدہ کس نے لیا ایسی کوئی بات تقریر میں نہیں تھی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آرٹیکل 184/3 کی درخواست میں عدالت کا اختیار شروع ہوچکا ہے، فوجی افسر کسی کو فائدہ دے تو وہ بھی اس جال میں پھنسے گا۔

 وکیل حامد خان نے کہا کہ فوج شاید مرضی کے نتائج لینا چاہتی تھی، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا ایک امیدوار کو سائڈ پر اسی لیے کیا جاتا ہے کہ من پسند امیدوار جیتے،سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی نے کہا  کہ فوج نے اپنے امیداواروں کو جیپ کا نشان دلوایا تھا، جس پر چیف جسٹس نے کہا فوج ایک آزاد ادارہ ہے یا کسی کے ماتحت ہے؟ فوج کو چلاتا کون ہے؟ 

 وکیل حامد خان نے کہا فوج حکومت کے ماتحت ہے،جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا حکومت فرد نہیں ہے، جو شخص فوج کو چلاتا ہے اس کا بتائیں،جب آپ ہمارے پاس آئیں گے تو ہم آئین کے مطابق چلیں گے، یہ آسان راستہ نہیں ہے، شوکت عزیز صدیقی نے جو سنگین الزامات لگائے انکے نتائج بھی سنگین ہوں گے۔

 چیف جسٹس پاکستان نے کہا سپریم کورٹ کو کسی کے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارے کندھے استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ہم کسی ایک سائیڈ کی طرف داری نہیں کریں گے جبکہ وکیل بارکونسل صلاح الدین نے کہا سابق جج نے تحریری جواب میں جن کا نام لیا ہم ان کو فریق بنا رہے۔

 وکیل صلاح الدین نے کہا  کہ شوکت عزیز صدیقی نے بانی پی ٹی آئی سمیت کسی اورکو فائدہ دینے کی بات نہیں کی، مفروضے پر ہم کسی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کسی کا نام نہیں لے سکتے جس پر چیف جسٹس نے بار کونسل کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اس کامطلب ہےکہ شوکت عزیز صدیقی کے الزامات بھی مفروضے ہیں، کیا کسی کا بھی نام لکھ دیں تو اسے نوٹس کر دیں، کیا شوکت صدیقی بیرسٹر صلاح الدین کا نام لکھ دیں تو آپ کو بھی نوٹس کر دیں؟  

 چیف جسٹس پاکستان نے کہا کیا ہمارے کندھے استعمال کرنا چاہ رہے ہیں؟ نوٹس جاری کر کے بلاوجہ لوگوں کو تنگ بھی نہیں کرنا چاہیے، کس سیاسی جماعت کو نکالنے کیلئے یہ سب ہوا؟ ،بیرسٹر صلاح الدین احمد نے کہا جوڈیشل سسٹم پر دباؤ ڈال کر نواز شریف کو نکالا گیا، چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا اس سے فائدہ کس کا ہوا؟ کیا سندھ بار یا اسلام آباد بار کو فائدہ دینے کے لیے یہ ہوا؟ جس پر بیرسٹر صلاح الدین نے کہا ہم نے انکوائری کی درخواست کی تا کہ حقائق سامنے آئیں۔

 چیف جسٹس پاکستان نے کہا سندھ بار شوکت صدیقی کی پنشن کیلئے آئی ہےتو یہ 184 تھری کا دائرہ کار نہیں بنتا، ہمیں نا بتائیں کہ انکوائری کریں یا یہ کریں، آپ معاونت کریں، جو کرنا ہے ہم کریں گے۔

مزیدخبریں