ویب ڈیسک : عامر لیاقت حسین مرحوم کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ (دانیہ ملک) کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کیا ہے۔ دانیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے مرحوم شوہر کی نازیبا ویڈیوز لیک کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لودھراں کے نواحی گائوں ڈانوراں میں دانیہ شاہ کے گھر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی ساس سلمیٰ بی بی نے تھانہ صدر میں احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ میری بیٹی دانیہ کو پولیس اورپرائیویٹ افراد نے گھر میں گھس کر اٹھا لیا ہے،ان کاکہناتھا کہ مسلح پولیس اہلکاروں نے دانیا اور مجھ پر تشدد کیا۔
دانیہ شاہ کی ماں نے کہاکہ پولیس اہلکاروں نے کہا کہ صدر تھانے آجاؤ تمہاری بیٹی مل جائے گی، تھانے آئی ہوں تو کوئی کچھ نہیں بتارہا اور نہ ہی یہاں دانیہ شاہ موجود ہے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے تشدد کرکے میری انگلی اور بازو توڑ دیا،ان کاکہناتھا کہ جیسے عامر لیاقت کو مروایا تھا اب میری بیٹی کو بھی مروانے کا پلان بنایا ہے، کیونکہ ہم نے وراثت کا کیس کیا ہے اور وراثت کوئی گناہ نہیں ہے۔
سلمیٰ بی بی نے کہاکہ میری بیٹی کو کیس دائر کرنے کے دس دن بعد بشریٰ نے اٹھوالیا ہے، دانیہ کی عدت دوماہ پہلے ختم ہوگئی ہے اور میرے پاس رہ رہی تھی۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین رواں برس 9 جون کو انتقال کرگئے تھے۔ انہوں نے جنوری میں دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی کہ اسی دوران عامر لیاقت کی بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کے حوالے سے عامر لیاقت انتہائی صدمے کی کیفیت میں تھے، انہوں نے ان ویڈیوز پر روتے ہوئے ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔