ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے پہلے ہی تونسہ کو ضلع کا درجہ دے دیا جائے گا، عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
آج وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس کے بعد پرویز الٰہی نے بتایا کہ تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ڈی جی خان کے ارکان اسمبلی کے مطالبے پر تونسہ کو ضلع کا درجہ دینےکا اقدام کیا، میں نے 2005 میں تونسہ کو ضلع کا درجہ دینےکااعلان کیا تھا، تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری بھی میں نے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہی ضلع بننے سے تونسہ کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔ذرائع پنجاب حکومت کا بتانا ہے کہ کابینہ سے بھی تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری لی جائےگی۔ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔