ویب ڈیسک : پاکستان کے لیے نامزد امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کو لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروپوں کے خلاف لڑنے کا کہیں گے۔ القاعدہ، داعش اور تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر عسکری گروہوں کے خلاف امریکہ اور پاکستان مشترکہ کارروائی کریں گے۔
امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ وہ پاکستان پر زور دیں گے کہ امتیاز کیے بغیر تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ القاعدہ، داعش خراساں اور تحریک طالبان پاکستان کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ اور پاکستان پرعزم ہیں، پاکستان کو لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروہوں سے بھی لڑنے کا کہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔۔ ڈونلڈ بلوم نے سینیٹ کی کمیٹی میں مزید بتایا کہ خطہ دو جوہری ممالک کے درمیان ایک اور تنازعہ برداشت نہیں کر سکے گا ۔ امریکہ کو بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کی ضرورت ہے، پاکستان اور انڈیا کو آپس کے دو طرفہ تعلقات کا دائرہ اور ان کی نوعیت کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور پاکستان کی معیشت میں امریکی کاروباروں اور کمرشل مفادات کا فروغ امریکہ کے مفاد میں ہے۔
ڈونلڈ آرمن فی الحال تیونس میں بطور امریکی سفیر تعینات ہیں۔ انہیں اکتوبر میں پاکستان کے سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
پاکستان کو لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروپوں کے خلاف لڑنے کا کہیں گے، ڈونلڈ آرمن بلوم امریکی سفیر
15 Dec, 2021 | 02:14 PM