(جمال الدین) شوہرساتھیوں کیساتھ مل کر غلط کام کیلئے مجبور کرتاہے،اب مجھے قتل کروانا چاہتا ہے، خاتون داد رسی کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی،عدالت نے خاتون کی درخواست پر قلعہ گجرسنگھ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج عابد رضا نے سمیرا بی بی کی درخواست پر سماعت کی، خاتون کی جانب سے منصور الرحمان خان آفریدی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ خاتون نے موقف اختیارکیا کہ خاوند محمد اشرف اور دیگر افراد مجھ سے غلط کام کراتے رہے، اب جان سے مارنا چاہتے ہیں، اصغر بھٹی، عمران سلیم، راشد مسیح شریک جرم ہیں، اصغر بھٹی اور میرے خاوند کے ہوٹلز ہیں، ان ہوٹلوں میں غلط کام ہوتا ہے، احاطہ عدالت میں بھی اغواکرنےکی کوشش کی گئی، وکلاء کی بروقت مداخلت سے کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ خاوند نے ایک پٹھان افسر حیات خان کو تین لاکھ میں فروخت کر دیا تھا، پولیس کو ون فائیو پرکال کی مگر پولیس بھی ہوٹل مالکان کیساتھ ملی ہوئی ہے، اسٹیشن کے پاس متعدد اڈوں پر ناجائز کام ہوتا ہے۔ قلعہ گجرسنگھ پولیس کو اندراج مقدمہ کی درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں ہوا، عدالت نے قلعہ گجر سنگھ پولیس سے جواب طلب کرلیا۔
دوسری جانب ڈولفن ٹیم نے لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان اور ڈولفن ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 1 اغواکار مارا گیا، ملزم ریکارڈ یافتہ اور متعدد مقدمات میں نامزد تھا۔