(قذافی بٹ) عام انتخابات ایک انتخابی عمل ہے جس میں ایک ملک کی حکومت 5 سال کیلئے منتخب کی جاتی ہے اور عام انتخابات میں پورے ملک میں تمام نشستوں پر نئے انتخابات کرائے جاتے ہیں اور نئے سرے سے ارکان منتخب ہوتے ہیں، عوام یا عام لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اپنے نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں، جو ووٹروں کی طرف سے ریاست کا کام کرتے ہیں۔
پاکستان کی قسمت کا فیصلہ اب صنف نازک کریں گی، پاکستان میں خواتین ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق 2018 سے 2020 تک 97 لاکھ 92 ہزار 719 ووٹرز رجسٹرڈ ہوئے، تین سالوں میں 49 لاکھ 37 ہزار 29 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ 48 لاکھ 55 ہزار 690 مرد ووٹرز رجسٹرڈ ہوئے، تین سال کے دوران 81 ہزار 339 خواتین ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق 2020 کی انتخابی فہرستوں میں سب سے زیادہ خواتین ووٹرز کا اندراج کروایا گیا، خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا تناسب 41 اعشاریہ 50 فیصد رہا۔
واضح رہےکہ پاکستان میں 1970 سے اب تک 11 عام انتخابات ہوچکے ہیں،پندرہویں قومی اسمبلی اور چار صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کا انتخاب کرنے کے لیے عام انتخابات 25 جولائی 2018ء کو منعقد ہوئے، جس میں تحریک انصاف سب سے بڑی پارٹی کے طور پر 16.8 ملین ووٹ لے کر سامنے آئی، تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 22 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لے کر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اپنی حکومت قائم کی, جو اپنی مدت کے2 سال مکمل کرچکی ہے۔