(ن) لیگ کے 2 اہم رہنماؤں کیخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج

15 Dec, 2020 | 11:54 AM

Sughra Afzal

اینٹی کرپشن(رضوان نقوی،عمراسلم) جعل سازی سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام،( ن) لیگی ایم پی اے میاں نصیر اور سیف الملوک کھوکھر کے خلاف اینٹی کرپشن میں دوالگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے محکمہ مال اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے خلاف ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوائے تھے، اینٹی کرپشن نے دونوں ارکان اسمبلی کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں،ڈی سی کے ریفرنس کے مطابق ملزموں نے جعل سازی سے سرکاری خزانے کو ٹی ایم اے، کنورژن، سٹمپپ، ودہولڈنگ اور کمرشل فیس کی مد میں لاکھوں روپے نقصان پہنچایا۔

ڈی سی کے ریفرنس کے مطابق سیف الملوک کھوکھر نے سیل ڈیڈ کی بجائے جعل سازی سے سرینڈر ڈیڈ کے ذریعے 226 کنال سے زائد رقبہ رجسٹر کروایا، سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاؤن کے اہلکار نصیر احمد کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو رجسٹریشن فیس کی مد میں 22لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا.

ڈی سی لاہور کے ریفرنس کے مطابق ایم پی اے میاں نصیر، انکے بیٹے واسق اور بیگم فرزانہ نصیر نے مختلف فیسوں کی مد میں سرکاری خزانے کو15 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا، ملزمان نے 23 کنال سے زائد رہائشی اراضی خرید کر زرعی اراضی رجسٹرڈ کروائی۔

اینٹی کرپشن نے کماہاں سرکل کے بلڈنگ انسپکٹر عارف خان ، محکمہ مال اور ٹی ایم اے کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن ) کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیراحمدنے کہاہے کہ کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا،یہ سیاسی انتقامی کارروائیاں ہیں، جبکہ ایم پی اے سیف الملوک کھوکھرنے کہاکہ ڈی سی لاہورکاشکریہ،حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن حکمران اتناظلم کریں جتنابرداشت کرسکیں۔

مزیدخبریں