بیواؤں، یتیموں کیلئے ''سرپرست ''پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

15 Dec, 2020 | 04:07 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (ریحان گل) پنجاب میں بیواؤں اور یتیموں کو سہارا دینے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل پراٹیکشن اتھارٹی کو "سرپرست" پروگرام شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

پنجاب میں وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت مختلف مستحق طبقوں کے لئے فلاحی پروگرام شروع کیے گئے ہیں، اسی مقصد کے تحت وزیراعلیٰ نے سوشل پراٹیکشن اتھارٹی کو پنجاب میں بیواؤں اور یتیموں کی فلاح کے لئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، پروگرام کو "سرپرست" کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بیواؤں اور یتیموں کی رجسٹریشن کی جائے گی، ان کے خصوصی کارڈز بنائے جائیں گے، ان کی کفالت کے ذریعے سرکاری سطح پر ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

 دوسری جانب پنجاب حکومت نے این جی اوز کی رجسٹریشن کی مدت میں 31 دسمبر تک توسیع کردی، پنجاب حکومت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کی ہدایت پر منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کیلئے این جی اوز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ جس کیلئے پنجاب حکومت نے تمام این جی اوز کو چیرٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دیا ہے۔ 
ستمبر میں این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی لیکن این جی اوز کی جانب سے رجسٹریشن میں دلچسپی نہ لینے کے باعث ایک بار اس کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق اب 31 دسمبر 2020 تک رجسٹریشن کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو ساڑھے 16 ارب ادا کردیئے، وفاقی حکومت نے زیر التواء ادائیگیوں کی مد میں پنجاب حکومت کو یہ ادائیگی کی ہے، مذکورہ ادائیگی کے بعد بھی وفاق نے پنجاب حکومت کو100ارب روپے ادا کرنے ہیں، پنجاب حکومت نے وفاق سے بقیہ ادائیگی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں