بچی کا ماسک پہننے سے انکار والدین کو مہنگا پڑگیا

15 Dec, 2020 | 12:10 AM

Malik Sultan Awan

 (سٹی 42) امریکا میں 2 سالہ بچی کو فیس ماسک نہ پہننے پر ماں باپ سمیت ہوائی جہاز سے اتار دیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز میں الیزا اور ان کا شوہر اپنی دو سالہ بچی ایڈیلین  کے ہمراہ سفر کرنے کے لیے سوار ہوئے تو بچی نے فیس ماسک نہیں پہن رکھا تھا جس پر جہاز کے عملے نے  والدین سے کہا کہ وہ اپنی بچی کو بھی ماسک پہنائیں لیکن بچی نے ماسک پہننے سے انکار کردیا۔

 والدین بچی کو ماسک پہناتے اور وہ اتار کر پھینک دیتی جب اس نے ماسک نہ پہنا تو یونائیٹڈ ایئرلائنز کے عملے نے ایڈیلین اور اس کے ماں باپ کو جہاز سے اتار دیا۔ بچی کی والدہ نے بتایا کہ وہ کولوریڈو سے نیو جرسی کے شہر نیوارک جانے کے لیے پرواز میں سوار ہوئے تھے جب بچی کے ماسک نہ پہننے پر انہیں سفر سے روک دیا گیا۔

ایئرلائنز کی جانب سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ایئرلائن کی طرف سے پابندی عائد کی گئی ہے کہ دو سال یا اس سے زائد عمر کے فرد کے لئے ماسک پہننا لازمی ہے اس کی خلاف ورزی پر میاں بیوی اور ان کی بچی کو سفر سے روکاگیا تھا۔

مزیدخبریں