(سٹی 42) لاہور کی اہم شاہراہ پر انسانیت کی تذلیل، پولیس اور انتظامیہ لاعلم، دولت، طاقت کے نشے میں مدہوش شخص کا عام شہری پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی اہم شاہراہ پر بااثر شخص نے شہری کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا،اسلحے کے زور پر ڈرایا دھمکایا تھپڑ اور ٹھڈے مارے، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی،فوٹیج میں بااثر شخص کو اپنی جیپ سے پسٹل نکال کرغریب شہری پر تانتے اور پھر اُسے لاتوں سے مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں بااثر شخص کے زیر استعمال گاڑی عقیل مرزا نامی بندے کے نام رجسٹرڈ ہے، با اثر شہری عقیل مرزا لاہور کا رہائشی ہے۔
سوشل میڈیا پر با اثر شخص کے تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر لاہور پولیس حرکت میں آگئی اور ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی، ایس پی کینٹ کی سربراہی میں ٹیم نے سٹیٹ لائف سوسائٹی سے ملزم کو پکڑ لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتارہونے والا ملزم عقیل مرزا بینک مینجر ہے، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔