ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ اور صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں 25 دسمبر سے موسم سرماکی تعطیلات کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پندرہ روز جبکہ سیشن اور سول عدالتوں میں سات روز کی عدالتی تعطیلات ہوں گی، لاہور ہائیکورٹ اور علاقائی بنچز میں 25 دسمبر سے 8 جنوری تک عدالتی چھٹیاں ہوں گی جبکہ صوبہ بھر کی سیشن اور سول عدالتوں میں 25 دسمبر سے یکم جنوری تک چھٹیاں ہوں گی۔
عدالتی تعطیلات کے دوران صرف ارجنٹ نوعیت کے کیسز کی سماعت ہوگی، چھٹیوں کے دوران درخواست ضمانت، حبس بے جا، ضمانت منسوخی، حکم امتناہی سمیت دیگر ارجنٹ نوعیت کے کیسز کی سماعت ہو سکے گی۔
ہائیکورٹ میں نیب، انسداد دہشتگردی، منشیات سمیت دیگر عام نوعیت کے کیسز کی سماعت نہیں ہو گی، ماتحت عدالتوں میں چھٹیوں کے دوران ڈیوٹی ججز ریمانڈ سمیت دیگر ارجنٹ کیسز کی سماعت کریں گے۔