راؤ دلشاد : مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے ۔
مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کی ۔ پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی شریک ہوئے ۔
اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طورپر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا ۔
نوازشریف کا اجلاس سے خطاب
نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں، یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے ۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا ، قومی معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پارٹی صدر محمد نواز شریف کو بریف کریں گے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے، 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے ۔ ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 86 فی صد عوام کو ریلیف دیاگیا ۔
اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف اور دیگر پارٹی راہنما اور عہدیدار بھی موجود تھے ۔