راؤ دلشاد : پنجاب کے پوزیشن ہولڈرز طلباکے لئے خوشخبری، پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈ ز کے پوزیشن ہولڈرز طلبا کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کو انعام دینے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ پوزیشن لینے والے سٹوڈنٹس ساتھ ان کے ایک ایک ٹیچرکو بھی انعام دیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ضروری اقدامات کی بھی ہدایات جاری کیں۔
پنجاب کے بہترین سٹوڈنٹس کیلئے وزیراعلیٰ مریم نوازنے سٹوڈنٹس سکالرشپ کی بھی منظوری دے دی، 25ہزارطلباکے تمام تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی، پنجاب حکومت 25ہزار طلباکے تعلیمی اخراجات کیلئے سالانہ سوا سو ارب سے زائد ادا کرے گی ۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر طالبات کیلئے ٹرانسپورٹ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ پنجاب کے 60گرلز کالجز کو پہلے مرحلے میں بسیں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آئی ٹی حب کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آئی ٹی حب کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے ۔