کراچی میں آزادی کے جشن کے نام پر ہوائی فائرنگ سے 95 افراد  زخمی ہو گئے

15 Aug, 2024 | 02:55 AM

سٹی42:  کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر شہر  کے درجنوں علاقوں میں بے تحاشا ہوائی فائرنگ کی گئی۔ ہوائی فائرنگ کے سبب فضا میں بکھر کر نیچے آنے والی اندھی گولیاں لگنے  سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے۔ ہوائی فائرنگ کے ایک وِکٹم  کی حالت تشویشناک ہے اور وہ سول ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے  میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہوائی فائرنگ سے مجموعی طور پر 95 افراد زخمی ہوئے جن میں 5 سال کے بچے سے لیکر 75 سال کے معمر شہری  تک شامل ہیں۔

ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ سول ہسپتال میں 22 زخمیوں کو لایا گیا جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں ان زخمیوں کی عمریں 6 برس سے 55 برس کے درمیان ہیں۔

جناح ہسپتال میں 6 خواتین سمیت 39 زخمی پہنچے جبکہ عباسی شہید ہسپتال میں ہوائی فائرنگ سے متاثرہ 34 زخمی لائے گئے جن میں 25 مرد اور 9 خواتین تھیں۔  ان زخمیوں کی عمر یں 6 برس سے 65 برس کے درمیان تھیں۔

کراچی میں گزشتہ سال جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھےاور 100 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق 14 اگست کی رات 12 بجے شہر کے  درجنوں علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے باعث 95 شہری زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث کئی ملزموں کو گرفتار کرکے ان سے ہوائی فائرنگ کے لئے استعمال ہوا  اسلحہ برآمد کیا گیا ۔ بے گناہ لوگوں کے زخمی ہونے کا سبب بننے والے بیشتر ملزم سامنے نہیں آ سکے۔

مزیدخبریں