کلیم اختر: سروسز ہسپتال میں درجہ چہارم گریڈ 3 میں بھرتی ہونے والا جونیئر کلرک کیسے بن گیا ، جعلی اسناد و تجربہ کی بنیاد پر بطور جونیئر کلرک گریڈ 7 میں ترقی پانے والا ارشد بٹ اینٹی کرپشن کے شکنجے میں آگیا۔
اینٹی کرپشن ریجن اے نے کاروائی کرتے ہوئے سروسز ہسپتال کے جونیئر کلرک کو گرفتار کر لیا ,ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ارشد بٹ عرصہ دراز سے ڈیوٹی نہیں کر رہا تھا اور او پی ڈی میں دو کمروں پر ناجائز قبضہ کر کے خفیہ کیمرہ بھی لگا رکھے تھے۔
پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن تنظیم کا نام استعمال کر کے لاکھوں روپے کے عوض غیر قانونی پوسٹنگ و ٹرانسفر کروانے میں بھی ملوث تھا۔ مخیر حضرات سے عطیات و چندہ لینے اور ڈیلی ویجز ملازمین کو بھرتی کروا کر لاکھوں روپے بطور رشوت لیتا رہا ۔ ملزم ارشد بٹ رشوت کے عوض جعلی میڈیکل بورڈ کروانے میں بھی ملوث پایا گیا ۔
سروسز ہسپتال کی کنٹین و پارکنگ اسٹینڈ کی مد میں لاکھوں روپے بھٹہ وصول کرتا رہا۔پرائیویٹ ایمبولینس و رکشہ رکھ کر مریضوں سے من مرضی کا کرایہ بھی وصول کرتا رہا۔ ہسپتال میں آنے والی سرکاری ادویات ، سرجیکل سامان ، ایئر کنڈیشن اور فرنیچر میں خرد برد بھی پائی گئی۔ ارشد بٹ کے اثاثہ جات بھی جائز آمدن سے زائد ہیں اور اس نےبے نامی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔