( راؤ دلشادحسین)الیکشن کمیشن نے میڈیا پر قبل و بعد از انتخابات پولز سروے کرانے پر پابندی لگادی۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا آؤٹ لیٹس کے آفیشل ڈیجیٹل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا انفلوانسرز پر ووٹ ڈالنے سے متعلق رائے کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
آئندہ عام انتخابات کے لیے جاری ضابطہ اخلاق میں الیکشن کمیشن نے کسی بھی پولنگ اسٹیشن یا حلقے میں کسی بھی قسم کے ایسے سروے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے جو ممکنہ طور پر ووٹرز کے ووٹ ڈالنے کے آزادانہ انتخاب کو متاثر کر سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ایگزٹ پول اور انٹری پولز دونوں کی تشہیر پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایگزٹ پول پولنگ اسٹیشنوں سے نکلنے والے ووٹرز کی رائے پر مبنی سروے کو کہا جاتا ہے۔
جس میں یہ پوچھا جاتا ہے کہ انہوں نے ووٹ کیسے ڈالا، اسی طرح لوگوں کے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہونے سے قبل ان کی ووٹ سے متعلق رائے پوچھنا انٹری پول کہلاتا ہے۔