(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کی قسم اومی کرون کے نئے ویرینٹ ایرس کے پھیلاؤ کے خلاف نئی ویکسین اگلے ماہ متعارف کرائی جائےگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں اگلے ماہ سے ویکسینیشن کے لیے نئی ویکسین کی خوراک دستیاب ہوگی۔ماہرین صحت نے اومی کرون کے نئے ویرینٹ کی روک تھام کے لیے نئی ویکسین کی خوراک لگوانےکا مشورہ دیا ہے۔
خیال رہےکہ امریکا، برطانیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں گزشہ سال کے آخر سے نئے ویرینٹ ایرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا بھر میں کووڈ 19 کےکیسز کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے مئی میں کہا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا اب عالمی طبی ایمرجنسی نہیں رہی، مگر ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ وائرس تاحال خود کو تبدیل کر رہا ہے، جس کے باعث اس کی لہریں دیکھنے میں آسکتی ہیں۔
11 اگست کو ہفتہ وار اپ ڈیٹ کے دوران عالمی ادارے نےکہا کہ 10 جولائی سے 6 اگست کے دوران دنیا بھر میں کووڈ کے لگ بھگ 15 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے، مگر اس عرصے میں کووڈ سے ہلاکتوں کی تعداد 57 فیصد کمی کے ساتھ 2500 رہی۔
عالمی ادارے کا کہنا تھا کہ کیسز اور اموات کی تعداد حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتی کیونکہ زیادہ تر ممالک میں اب کووڈ ٹیسٹنگ کم کی جا رہی ہے۔