مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک شہر کریم نگر میں سڑک پر بھاگتے ریچھ کو دیکھ کر لوگوں کے اوسان خطا ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر کریم نگر میں دن کے اوقات میں جنگل سے ریچھ آ نکلا، اور سڑک پر بھاگتا رہا، جسے دیکھ کر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اگرچہ ریچھ نے کسی پر بھی حملہ نہیں کیا لیکن آبادی اور سڑکوں پر ریچھ کے آنے پر مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی رات کریم نگر کے رضوی چمن علاقے اور نوری گیسٹ ہاؤس کے پاس پہلی مرتبہ یہ ریچھ دیکھا گیا اور پھر ہفتہ کی صبح کریم نگر کے علاقے میں اچانک سڑک پر نکل آیا۔
مقامی لوگوں نے پولیس اور محکمہ جنگلات کے عملے کو اس کی اطلاع دی، جس پر ریچھ کو پکڑ لیا گیا۔