سندھ کے نامزد نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی زندگی پر ایک نظر

15 Aug, 2023 | 08:53 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہو گیا، اپوزیشن لیڈر رعنا انصار اور ایم کیو ایم نے بھی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں ڈیڈ لاک ختم ہو ہی ہوگیا۔ذرائع کا دعویٰ ہےکہ ایم کیو ایم اور پی پی پی میں امیدوار پر اتفاق ہوگیا، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے جسٹس (ر ) مقبول باقر کے نام پر اتفاق کیا ۔

ذرائع کے مطابق جسٹس (ر ) مقبول باقر کا نام وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے دیا گیا تھا، ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مشورے سے جسٹس (ر ) مقبول باقر کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر 1957 میں پیداہوئے، ان کا تعلق کراچی سے ہے، مقبول باقر نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت سے منسلک ہوئے۔

مقبول باقر سال 2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پھر  سال 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مقرر ہوئے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر سال 2015 میں سپریم کورٹ پاکستا ن کے جج مقرر ہوئے اور 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔

وہ 2013 میں ایک دہشتگرد حملے میں شدید زخمی بھی ہوئے تھے ۔ حملے میں ان کے سکیورٹی عملے سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس (ر) مقبول باقر کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دے دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ کی حلف برداری کی تقریب 16 اگست کو ہوگی۔

مزیدخبریں