روشنیوں کے شہر میں دھماکہ، 13 افراد جاں بحق

15 Aug, 2021 | 09:21 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ،  روشنیوں کے شہر کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قریب   منی ٹرک میں بم دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک کے اندر گزشتہ رات 9 بج کر 45 منٹ پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے 7 خواتین اور  6 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہیں جن کا سول ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گیا،ابتدائی طور پر اسے سلنڈر دھماکا کہا گیا  تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد بتایا کہ دھماکا سلنڈر سے نہیں بلکہ بم سے کیا گیا، دھماکے سے ٹرک کی باڈی پر چھروں اور نٹ بولٹ کے کافی نشانات پائے گئے ہیں جو بم میں استعمال کیے گئے جبکہ دھماکا مقامی طور پر تیار کیے گئے بم سے کیا گیا۔

دوسری جانب زخمیوں کی عیادت کےلیے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان ہسپتال پہنچے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئےآئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے، ٹرک واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ہونی چاہئیں، وفاقی ادارے سندھ حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرینگے۔

 

مزیدخبریں