( در نایاب ) ایل ڈی اے شعبہ اسٹیٹ برانچ سرکاری اراضی کے تحفظ میں ناکام، ایل ڈی اے کا جھگی مافیا کو فری ہینڈ، فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر کی اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی پر جھگیاں قائم ہوگئیں۔
ایل ڈی اے اسٹیٹ برانچ کے افسران صرف نام نہاد آپریشن کرکے کارروائی دکھانے میں مصروف ہیں۔ فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر کے قیمتی پلاٹ جھگی مافیا کے نرغے میں چلے گئے۔ ایل ڈی اے کے عملے کی ملی بھگت سے خانہ بدوش آبادی قائم ہوگئی ہے۔ خانہ بدوشوں نے سٹرکوں، گرین بیلٹس اور مین شاہراہوں پر جھگیاں بنالیں ہیں۔
اسٹیٹ برانچ کا تحفظ ڈائریکٹر اسٹیٹ برانچ سبطین رضا قریشی کی ذمہ داری ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ برانچ سینئر افسران کو خوش کرنے کے لئے مخصوص پلاٹوں پر کارروائی کرنے میں مصروف ہے۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سبطین قریشی کا موقف ہے کہ جھگی والوں کوبار بار اٹھایا جاتا ہے پھر آجاتے ہیں۔
دوسری جانب ڈی جی ایل ڈی اے احمدعزیز تارڑ نے شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے افسران کو ریونیو جنریشن بڑھانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ ریونیو جنریشن سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ کنور اعجاز خلیق رزاقی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان، چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی، چیف ٹاون پلانر طارق محمود، ڈائریکٹر فنانس محمد اختر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈائریکٹرجنرل نے ہدایت کی کہ شہریوں کو تعمیراتی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیراعظم کے پیکیج کے فوائد سے آگاہ کیا جائے اور انہیں جائیدادوں کی خرید کے بارے میں 31 دسمبرتک کی ڈیڈ لائن سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈائریکٹوریٹس اپنی متعلقہ سکیموں میں بلڈنگ پیریڈمیں توسیع، کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے اجراء، لینڈ یوزمیں تبدیلی، کمرشلائزیشن اورآمدنی کے دیگر مختلف ذرائع کا ڈیٹا مرتب کریں تاکہ اس کی بنیاد پر ریونیو جنریشن کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جاسکیں۔