جیل روڈ(زاہد چودھری)شہر میں کورونا سے مزید 59 افراد متاثرجبکہ ایک موت کی تصدیق ہوئی، کورونا سے مجموعی طور پر لاہور میں 836 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 48135 ہوگئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے پنجاب بھر میں 128 نئے مریض سامنے آئے ہیں، صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہزار 993 اور اموات 2 ہزار 180 ہوگئی ہیں، 86 ہزار 404 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں ۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق ننکانہ میں ایک، شیخو پورہ میں ایک، راولپنڈی میں 5، جہلم میں ایک، اٹک میں دو اور گوجرانوالہ میں 12، سیالکوٹ میں12، گجرات میں2، منڈی بہاؤالدین میں 5، ملتان میں ایک ، خانیوال میں ایک، وہاڑی3 اور ٹوبہ میں ایک، سرگودھا میں 7، میانوالی میں ایک، خوشاب میں ایک، بہاولنگر میں ایک، لودھراں میں ایک، ڈیرہ غازی خان میں ایک، مظفر گڑھ میں 4، ساہیوال میں ایک،اوکاڑہ میں 4اور پاکپتن میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
ذرائع کے مطابق 5 ماہ سے جاری کورونا وبا کا زور کم ہوتے ہی لاہوریوں نے یوم آزادی کا جشن مناتے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز کو بھی یکسر نظر انداز کر دیا ، سڑکوں پر جشن آزادی کو روایتی جوش و خروش سے منانے والوں کی اکثریت نے ماسک کا استعمال نہیں کیا، خاص طور پر ٹولیوں کی شکل میں جشن آزادی مناتے منچلوں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا ۔