پروفیسر خالد مسعود گوندل کی خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈ

15 Aug, 2020 | 10:34 AM

Sughra Afzal

نیلا گنبد (بسا م سلطان) وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل کو حکومت پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ پرائیڈ آف پرفارمنس تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

 پروفیسر خالد مسعود گوندل کو سول ایوارڈ اِن کی مثالی طبی، تعلیمی اور تحقیقی خدمات کی بنیاد پر دیا جارہا ہے، پروفیسر خالد مسعود گوندل اس سے قبل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بطور ریگولر وائس چانسلر بھی خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں۔

تحقیق کے میدان میں ان کے ملکی اور بیرونی سطح پر 100 سے زائد طبی تحقیقی مقالاجات شائع ہوئے اور دنیا کے مختلف ممالک میں شعبہ طبی تعلیم کی نمائندگی کی، کورونا وبا کے دنوں میں پروفیسر خالد مسعود گوندل نے طبی خدمات کے علاوہ سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیلی میڈیسن شعبہ قیام کیا۔

 اس سے قبل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل ایجوکیشن میں الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم اور دیگر اعلیٰ طبی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں 2013 میں حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔

 پروفیسر خالد مسعود استاد ہونے کیساتھ ساتھ بہتر ین سرجن اور منتظم بھی ہیں، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر ان کی خدمات مثالی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے چیف کلکٹر کسٹمز، معروف فلاحی شخصیت ڈاکٹر آصف محمود جاہ کو ستارہ امتیاز کے بعد اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "ہلال ِ امتیاز" دینے کا اعلان کیا ہے، کورونا وبا میں جب تمام ہسپتالوں میں علاج معالجہ تعطل کا شکار تھا، ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے 15ہزار مریضوں کا مفت علاج کر کے 10 ہزار سفید پوش خاندانوں کو راشن فراہم کیا، آفت زدہ علاقوں میں ایک ہزار دو سو گھر تعمیر کرائے،43 ڈسپنسریاں، 20 کمیونٹی سنٹرز اور غریب بچوں کیلئے 10 سکول بنوائے۔

 واضح رہے  گزشتہ روز صدرمملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر 184 شخصیت کے لیے پاکستان سول ایوارڈز کا اعلان کیا، سول ایوارڈز اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والی ملکی وغیر ملکی شخصیات کو دیے جائیں گے،24 شخصیات کو ستارہ شجاعت عطا  کیا جائے گا، 44 شخصیات کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی اور 27 شخصیات کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا، تمام شخصیات کو ایوارڈز 23 مارچ کو دیئے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں