مال روڈ (بسام سلطان) پاکستان ہمارے لیے ایک تحفہ ہے جو لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا،ہمیں اس پیارے ملک کی قدر کرنی چاہیے، کوروناوائرس کے دوران تمام ڈاکٹرز نے بہت محنت کی ہے، وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی یوم آزادی پر ہسپتالوں میں منعقدہ تقریبات سے خطاب۔
جشن آزادی کے حوالے سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، یاسمین راشد نے تمام تقاریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر یاسمین راشدنے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں قومی پرچم لہرایا اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعا کی، اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے معالج اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے سابقہ پرنسپل کرنل الٰہی بخش، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ پروفیسر خالد مسعود گوندل سمیت فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر شاندار تقریب منعقد کرنے پر وائس چانسلراور فیکلٹی کو مبارکباد اور شاباش دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو نکھارنے اور سنوارنے کا وقت ہے۔
سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منعقدہ تقریب میں پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس ڈاکٹر افتخار سمیت دیگر موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری کوروناوبا میں نیک نیتی شامل تھی جس پر اللہ نے کرم کیا اور کیسز میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، پنجاب حکومت ڈاکٹرز سمیت تمام شہیدوں کیساتھ کھڑ ی ہے۔
پی آئی سی میں منعقدہ تقریب میں پروفیسر ثاقب شفیع، ڈاکٹر فرخ سلطان اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔