( عابد چودھری ) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے والٹن روڈ کے رہائشی لانس نائیک تیمور شہید ہو گئے، بیٹے کی شہادت پر ورثا کے حوصلے بلند ہیں۔
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک آرمی کے تین نوجوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 بھارتی سورما بھی جہنم واصل ہوئے۔ شہید لانس نائیک تیمور کا تعلق لاہور کے علاقے والٹن روڈ سے تھا، پچیس سالہ شہید تیمور کی سات ماہ کی بیٹی ہے۔
تیمور کی شہادت کا معلوم ہوتے ہی خاندان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کو فخر ہے کہ ان کے بیٹے نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
شہید تیمور کے جسد خاکی کو جمعہ کو صبح دس بجے والٹن پہنچایا جائے گا، جہاں انہیں فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔