ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار عامر خان ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ وہ اس ہفتے کے آخر میں چین میں ’ مکاؤ انٹرنیشنل کامیڈی فیسٹیول‘ میں پہلی بار اپنی خاص دوست گوری سپراٹ کے ساتھ منظر عام پر آئے۔
یہ جوڑا فیسٹیول میں ایک ساتھ پہنچا۔ دونوں سرخ قالین پر چلتے ہوئے ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ دے کر چل رہے تھے۔ وہ جیسے ہی اس بین الاقوامی فیسٹیول میں پہنچے، میڈیا اور شائقین کی توجہ کا مرکز و محور بن گئے۔
وائرل ہونے والے کلپ میں عامر خان کو گوری سپراٹ کا ہاتھ پکڑتے ہوئے دکھایا گیا جب وہ پنڈال میں داخل ہوئے۔ جوڑا کیمروں کے سامنے مسکراتے ہوئے ہلکی پھلکی گفتگو میں مصروف رہا۔ عامر خان نے گوری سپراٹ کا دوسرے مہمانوں سے تعارف کرایا۔
عامر خان نے گوری کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’میں کسی ایسی شخصیت کی تلاش میں تھا جس کے ساتھ میں سکون محسوس کروں، جو مجھے سکون دے سکے۔ اور پھر گوری سامنے آ گئیں‘۔
جب عامر خان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنے رشتہ کو عوامی سطح پر کیوں پیش کیا، تو عامر نے جواب دیا، ’ہم اب ساتھ ہیں، اور ہمیں لگتا ہے کہ ہم ایک دوسرے پر اتنا بھروسہ رکھتے ہیں کہ آپ لوگوں کو بتا سکیں۔ اب میں اسے چھپانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔ کل اگر میں گوری کے ساتھ کافی کے لیے جاؤں، تو آپ لوگ بھی ہمارے ساتھ آ سکتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے گزشتہ ماہ اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع نئی گرل فرینڈ گوری سپراٹ سے تعلقات کا انکشاف کیا۔
اپنی سالگرہ پر منعقدہ ایک پارٹی میں عامر خان نے بتایا تھا کہ وہ ایک رومانوی تعلق میں ہیں۔عامر اور گوری کی ملاقات 25 سال پہلے ہوئی تھی، لیکن اپنی مصروف زندگیوں کے باعث ان کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ تاہم، 2 سال پہلے ان کی دوبارہ ملاقات ہوئی اور ان کا رشتہ آگے بڑھنے لگا۔
گوری سپراٹ کون ہیں؟
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق گوری بنگلور سے تعلق رکھتی ہیں اور ایک 6 سالہ بچے کی ماں ہیں۔ ان کی لنکڈ ان پروفائلز کے مطابق، وہ 2007 سے ایک مشہور سیلون میں پارٹنر اور ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں اور انہوں نے یونیورسٹی آف آرٹس لندن سے فیشن، اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی میں ڈگری حاصل کی ہے۔