ارشاد قریشی: سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف پریس کانفرنس سے متعلق 22 اے کی درخواست کے معاملے پر نوٹس پر جواب جمع کروا دیا ۔
سابق کمشنر راولپنڈی نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ ضلع حافظ آباد سوئیاں والا میں موجود ہوں، میرے خلاف دو انکوائریاں چل رہی ہیں لہٰذا ابھی پیش نہیں ہو سکتا،نوٹس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ ایک انکوائری الیکشن کمیشن اور دوسری محکمانہ طور پر چل رہی ہے، میری کونسل پیش ہوکر مزید وضاحت کرے گی۔لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے انکے وکیل راجہ حسیب سلطان نے وکالت نامہ جمع کروایا،درخواست پر آئندہ سماعت 20 اپریل کو ہو گی۔
سابق کمشنر راولپنڈی کیخلاف 22 اے کی درخواست زیب فیاض ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی،22 اے درخواست میں سی پی او راولپنڈی اور چوکی انچارج سول لائنز کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تھانہ سول میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، سابق کمشنر راولپنڈی نے پریس کانفرنس کر کے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، سابق کمشنر نے 17 فروری کو پریس کانفرنس کی اور روپوش ہوگئے۔
یاد رہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے آج طلب کر رکھا تھا،سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے ان کا کونسل عدالت میں پیش ہوا۔
سابق کمشنر راولپنڈی نے نوٹس پر جواب عدالت میں جمع کروا دیا
15 Apr, 2024 | 08:52 PM