ملک اشرف: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے اپنے خلاف ملک بھر میں مقدمات کے اندراج کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کےمطابق درخواست میں سیکرٹری وزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت دفاع، سیکرٹری کیبینٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری محکمہ داخلہ، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ درخواست میں وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ اب تک ملک بھر میں 121 ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔یہ مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کئے گئے ہیں۔عمران خان کا موقف چلانے والے اینکرز اور صحافیوں کو تھریٹ کیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظربند اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔نگران حکومت کی جانب سے کاروائیاں کی گئیں۔
عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں استدعا کی ہے کہ عدالت کارکنان کی گرفتاریوں، نظر بندی اور لا پتہ کئے جانے کے اقدام کو بنیادی حقوق کے خلاف قرار دے۔اس درخواست کے فیصلے تک عدالت درج مقدمات میں کاروائی کو روکنے کا حکم دے۔پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کاروائی سے روکا جائے۔ عدالت بغیر نوٹس فوجداری کاروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔