222 بچے کورونا کا شکار ،طبی ماہرین نےخطرے کی گھنٹی بجادی

15 Apr, 2021 | 10:13 PM

M .SAJID .KHAN

(زاہدچودھری)کورونا وائرس سے بچے بھی محفوظ نہ رہے ۔ ایک ہفتے کے دوران شہر میں 10 برس سے کم عمر کے 222 بچے کورونا کا شکار ہوئے ۔ 10 سے 19 برس کے 694 لڑکے بھی مرض کی زد میں آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق  کورونا وائرس کی حالیہ لہربڑوں کے ساتھ بچوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر میں دس برس سے کم عمر کے 222 بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس عرصہ میں 10 سے 19 برس کے 694 لڑکے بھی مرض کی لپیٹ میں آ گئے ہیں ۔ کورونا وائرس کی حالیہ لہرکے دوران اب تک شہر میں دس سال سے کم عمر ڈیڑھ ہزار بچے متاثر ہوچکے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ لہر بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی متاثر کر رہی ہے اس لیے والدین احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ   قاتل کورونا وائرس نے مزید 29 گھرانوں کو سوگوار کر دیا، 24 گھنٹے کے دوران 1436 نئے کورونا مریض سامنے آگئے، ہسپتالوں میں زیر علاج 765 مریضوں میں سے 240 کی حالت تشویشناک ہے۔زشتہ 24 گھںٹوں کے دوران کورونا سے میو ہسپتال میں سب سے زیادہ 10 اموات رپورٹ ہوئیں، جناح ہسپتال میں9 ، گنگا رام ہسپتال میں 3 ، حمید لطیف ہسپتال میں 2 ، جنرل ہسپتال ، نیشنل ہسپتال ، عادل ہسپتال ، اتفاق ہسپتال اور فاروق ہسپتال میں کورونا وائرس سے ایک ایک مریض دم توڑ گیا۔

 24 گھنٹے کے دوران 1436 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، شہر کے ہسپتالوں میں 765 مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں سے 240 کی حالت تشویشناک ہے، جناح ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 70 فیصد بیڈ بھر گئے ہیں، ہسپتال میں کورونا کے زیر علاج  139 مریض ہیں جن میں 29 کی حالت تشویشناک ہے، جناح ہسپتال میں کورونا کے 36 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

مزیدخبریں