(شہزاد خان ابدالی)حکومتی مشینری کی تمام توجہ شہر میں لگائے گے 30 رمضان بازاروں پرمرکوزجبکہ اوپن مارکیٹ میں آٹے اور چینی کا بحران تباہ کن صورتحال اختیار کرگیا۔اوپن مارکیٹ کے صارفین آٹے اور چینی کی تلاش میں خوار ہوگے مگر انہیں چینی اور آٹا نہ مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شہر کے ایک کروڑ سے زاٰئد صارفین کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔اوپن مارکیٹ میں چینی اور آٹے کی سنگین قلت پیدا ہوگئی ہے۔تاجپورہ سکیم، مغلپورہ، فلیمنگ روڈ، گوالمنڈی، دروغہ والا، نسبت روڈ، ریلوے اسٹیشنز کے علاقے میں واقع آبادیوں، جلو موڑ، مناواں سمیت درجنوں علاقوں میں چینی اور آٹے کا سنگین بحران پیدا ہوگیا۔
اوپن مارکیٹ کے کریانہ فروشوں نے سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کے بحران کو چوتھا ہفتہ ہوگیا مگر اب ایک ہفتے سے آٹا بھی نہیں مل رہا۔کریانہ فروشوں نے کہا کہ اب تو مہنگی چینی بھی نہیں مل رہی۔
شہریوں نے کہا کہ شہر میں لگائے گے صرف تیس رمضان بازار سوا کروڑ آبادی کی ضرورت کو پورا نہیں کرسکتے، حکومت اوپن مارکیٹ میں آٹے اور چینی کی دستیابی کو یقینی بنائے ۔