سٹی42: لاہور کی سول عدالت نے پنجاب حکومت کو شریف خاندان کی رائیونڈ زمین کے انتقال کی منسوخی سے متعلق کارروائی سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی کارروائی پر نوازشریف اور شہباز شریف کی فیملی نے لاہور کی سول عدالت میں حکم امتناع کے لئے درخواست دائر کی، جس پر سول عدالت کےجج نے درخواست سماعت کےلئے منظور کرکے 27 اپریل کو تمام فریقین کو متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔شریف خاندان نے رہائش کی 127 کنال زمین کا انتقال منسوخی کےلئے عدالت سے رجوع کیا اور عباس شریف نے یہ درخواست اپنے وکیل حامد افتخار کے ذریعے دائر کی۔
عباس شریف کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ حکومت پنجاب غیرقانونی طورپرجاتی عمرہ کی 1500 سے زائد کنال زمین کی ملکیت تبدیل کررہی ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے حکومت پنجاب نےشریف خاندان کی رہائش کی 127 کنال زمین کا انتقال منسوخ کردیا تھا، منسوخ کی گئی 127 کنال اراضی موضع مانک رائیونڈ میں شریف خاندان کے گھر کا مرکزی حصہ ہے، پنجاب ریونیو ڈپارٹمنٹ نے اس زمین کا انتقال واپس حکومت پنجاب کے نام کردیا تھا۔