پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں اقربا پروری کی تیاری

15 Apr, 2020 | 10:33 PM

زاہد چوہدری: پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں اقربا پروری کی تیاری, ڈائریکٹر لیگل کی اسامی پر من پسند شخصیت کی تقرری کیلئے اہلیت کا معیار ہی تبدیل کرنے کی سفارش کردی۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کا مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے اہلیت کا معیار تبدیل کرنے کی منظوری لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ تو عرصہ دراز سے خالی پڑا ہے لیکن اس پر کسی موزوں شخص کا تقرر کرنے کی بجائے پنجاب ہوٹا نے ڈائریکٹر لیگل کی تقرری پہلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈائریکٹر لیگل کی اسامی پر من پسند شخص کو نوازنے کیلئے اہلیت کے معیار کو تبدیل کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ہوٹا میں ڈائریکٹر لیگل کی تقرری کیلئے اہلیت کا معیار ایل ایل ایم یا بیرسٹر ایٹ لا کی ڈگری کا حامل ہونا اور دس سالہ تجربہ کی شرط ہے لیکن اس کو تبدیل کرکے سادہ ایل ایل بی کی ڈگری اور 8 سالہ تجربہ کے حامل قانون دان کو بھی اہل قرار دلوایا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ معیار میں ایسی شرائط بھی شامل کی جارہی ہیں جو من پسند شخص کو ہی تقرری میں مدد دے سکے ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی جانب سے ڈائریکٹر لیگل پنجاب ہوٹا کی اہلیت کے معیار کو تبدیل کرنے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی کا 14 اپریل کو اجلاس طلب کیا گیا تھا جسے منسوخ کر دیا گیا اوراب دوبارہ اجلاس بلانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں