(سعید احمد سعید) سعودی عرب میں پھنسے ہوئے 250 زائرین وطن واپس پہنچ گئے، سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی3734کے ذریعے 250 پاکستانی لاہور پہنچے، مسافروں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی مسافروں کو لے کر سعودی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 3734 لاہور پہنچ گئی، 250 مسافر جدہ سے لاہور پہنچے، لاہور ائیرہورٹ پر مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی گئی.
ائیرہورٹ ذرائع کے مطابق اسکریننگ کے بعد مسافروں کو خصوصی بسوں کے ذریعے کالا شاہ کاکو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا، جیاں پر مسافروں کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے اس سے قبل سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہیں رہ جانے والے عمرہ زائرین کی وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔سعودی ایئرلائن پاکستان کیلئےخصوصی پروازیں آپریٹ کررہی ہے، سعودی وزارت حج و امورکی جانب سےخصوصی اجازت ملنےکےبعد جدہ ایئرپورٹ پرمختلف ممالک کےپھنسے ہوئےمحصورین کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جدہ ایئرپورٹ پرمسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی گئی، انہیں مکمل طور پرسینیٹائز کیا گیا۔
قبل ازیں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں 15 مارچ سے غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی جب کہ 23 مارچ سے ملک بھر میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا تھا اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے مزید سخت احکامات جاری کیے گئےتھے۔