کار شورومز کھولنے کیلئے حکومت کو3 روز کی ڈیڈ لائن

15 Apr, 2020 | 03:05 PM

M .SAJID .KHAN

(حسن علی)لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن اور آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے عہدیدار مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی، کار لائن کے تاجروں نے حکومت کو کار شورومز کھولنے کے لئے 3 روز کی ڈیڈ لائن دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کینال ویو میں لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان نے انجمن تاجران کار ڈیلرز جیل روڈ کے چئیرمین چودھری ادریس، آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے مرکزی جنرل سیکریٹری نعیم میر، مولانا شوکت علی روڈ کار ڈیلرز کے صدر شعیب خان، آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، عبدالروف مغل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت کار ڈیلرز کے دلوں سے اتر گئی ہے کیونکہ کار ڈیلرز نے ہمیشہ پی ٹی آئی کی حکومت کو سپورٹ کیا لیکن حکومت نے کار لائن کے شعبے کو کاروبار کی اجازت نہ دے کر حکومت نے ہمارا معاشی قتل کیا ہے تاہم حکومت کو 3 روز کی مہلت دیتے ہیں کہ وہ کار لائن سے تعلق رکھنے والوں کو کاروبار کرنے کی اجازت دے ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔
انجمن تاجران کار ڈیلرز جیل روڈ کے چئیرمین چودھری ادریس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے کون مشیر ہیں جو انہیں درست مشورے نہیں دے رہے اور حکومت شورومز بند کر رہی ہے اور ورکشاپس کھول رہی ہے، کپڑے کی مارکیٹ بند ہے جبکہ درزی کو کھولا جا رہا ہے یہ کیسے فیصلےکئے جا رہے ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکریٹری نعیم میر کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی ٹیم کار ڈیلرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں اور حکومت کو چاہیۓ کہ وہ کاروبار کھولنے کی اجازت دے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت تاجروں کو کاروبار کی اجازت دے تاکہ تاجروں کو روزگار ملنے کے ساتھ ساتھ مزدروں کے گھروں کے چولہے بھی جلیں۔

مزیدخبریں