ایمبولینس ڈرائیور سے پٹواری بننے والا اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگیا

15 Apr, 2020 | 01:16 PM

(رضوان نقوی)آمدن سے زائد اثاثہ جات،پُرتعیش لائف اسٹائل رکھنے والے موضع ہربنس پورہ کے پٹواری ملک تاج کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی، اینٹی کرپشن نے پٹواری کو اسناد کے ہمراہ کل طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی ٹیم نے سورس رپورٹ پر ہربنس پورہ کے پٹواری ملک تاج کے خلاف انکوائری کا آغاز کرکے کل پٹواری کو طلب کرلیاہے، اینٹی کرپشن کی سورس رپورٹ کے مطابق پٹواری ملک تاج پر جعلی اسناد کے ذریعے نوکری حاصل کرنے اورکروڑوں روپے کی اراضی پر قبضے کروانے کا الزام ہے، پٹواری ملک تاج پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں ردو بدل کرنے کا بھی الزام ہے-
اینٹی کرپشن کی سورس رپورٹ کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور سے پٹواری بننے والے ملک تاج کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی ہوئی لیکن وہ رشوت دیکر دوبارہ تعینات ہوگیا ہے، پٹواری ملک تاج پر الزام ہے کہ اس نے پٹوار خانے میں 6پرائیویٹ افراد کو بٹھا رکھا ہے جوکہ فرنٹ مین کے طور پر پٹواری کے لئے رشوت وصول کرتے ہیں-
علاوہ ازیں پٹواری پر فیصل خان، علی شاہ، یاسر، جمیل سمیت 6پرائیویٹ افراد کو ساتھ ملا کر شہریوں کو ان کی اراضی سے محروم کرنے کا بھی الزام ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں نیاز بیگ پٹوارخانہ میں ریکارڈ غائب کرنیوالے پٹواری طلبی کے باوجوداینٹی کرپشن میں پیش نہیں ہوئے تھے،یف آئی آر میں نامزد پٹواریوں کی دوبارہ اسی پٹوار سرکل میں تعیناتی کے معاملہ کی انکوائری شروع کرکے پٹواریوں کوستائیس فروری کو طلب کیا تھا۔
پٹواری خالد حسین اور مقبول احمد طلبی کے باوجود اینٹی کرپشن میں پیش نہیں ہوئے ہیں، اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے اے ڈی سی آر سے بھی تفصیلات طلب کی تھیں، پٹواری محمد خالد حسین پر موضع نیاز بیگ میں 9 جلدیں جبکہ پٹواری مقبول احمد پر موضع نیاز بیگ میں 10 جلدیں غائب کرنے کا الزام تھا۔

مزیدخبریں