(حسن خالد ) ہربنس پورہ میں بجلی کی ننگی تاریں چھونے سے کم سن بچہ جاں بحق ہوگیا,اہل علاقہ لیسکو انتظامیہ کیخلاف پھٹ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ منظور کالونی میں بجلی کی لٹکتی تاروں نے ایک معصوم کی جان نگل لی,کالونی کا رہائشی سیف اللہ گھر کی چھت پر نیچے دیکھنے لگا تو اس دوران گلی میں لٹکتے بجلی کے ننگےتاروں کو ہاتھ لگ گیا,معصوم بچہ کرنٹ لگنے سے جھلس کر موقع پر جاں بحق ہو گیا ,لواحقین اور اہل محلہ لیسکو انتظامیہ کیخلاف پھٹ پڑے، انہوں نے بچے کی موت کا ذمے دار لیسکو انتظامیہ کو ٹھہرا دیا۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ لیسکو کو متعدد بار لٹکتی تاروں سے متعلق شکایات درج کرائیں مگر کسی نے نہ سنی،انہوں نے کہا کہ اعلی افسران واقعہ کانوٹس لے کرمعاملے کی تحقیق کرائیں, چند روز قبل بھی اسی محلے میں کرنٹ لگنے سے ایک بچے کی موت ہوئی تھی۔
ایسا ہی واقعہ رواں سال کے پہلے ماہ گجرپورہ میں پیش آیا تھا جہاں کھیلتے ہوئے 12 سالہ بچے کو ہائی وولٹیج تاروں اچانک کرنٹ لگ گیا تھا،12 سالہ سبحان کی چیخ کی آواز سن کر اہلخانہ نے بھاگ کر بچے کو تاروں سے دور کیا مگر کرنٹ کی شدت نے بچےسے زندگی کی سانسیں چھین لیں، کرنٹ لگنے سے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزریس کورس تھانے کی حدود جیل روڈ پر کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق ہوگیا تھا، شناخت نہ ہونے پر پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا، پولیس کا کہناتھا کہ انھیں اطلاع ملی کہ جیل ریس کورس تھانے کہ حدود میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ہے۔ جس پر پولیس نے موقع ہر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور شناخت ہونے پر متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا،پولیس کا کہنا تھا کہ اندازاً متوفی کی عمر پچاس سے پچپن سال معلوم ہوتی ہے۔