چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں بڑے فیصلے

15 Apr, 2020 | 09:51 AM

Sughra Afzal

(سٹی 42) چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیرصدارت اجلاس، پنجاب میں جاری لاک ڈاؤن میں 25اپریل رات12بجے تک توسیع کردی گئی۔

چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا،جس میں کمشنر لاہور سیف انجم، سی سی پی او ذوالفقارحمید اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ  آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز  ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیمیکلز انڈسٹری، آئی ٹی کمپنیاں، پلمبر، کارپینٹر، الیکٹریشن، ٹیلر کی دکانیں (سٹینڈ الون)، ویٹرنری سروسز، رئیل سٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلروں کے دفاتر کھول سکتے ہیں، سٹیشنری و کتب کی دکانیں، شیشہ سازی کے یونٹس، پیپر اینڈ پیکیجنگ، پودوں کی نرسریاں پابندی سے مستثنیٰ ہونگی، شعبہ معدنیات، عمارات اور سڑکوں کی تعمیر سے منسلک کاموں، تعمیرات کے مقامات، اینٹوں کے بھٹوں، بچومن پلانٹس وغیرہ پر پابندی نہیں ہوگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا آرکیٹیکٹس اور انجینئرز کی سروسز، سڑکوں کی تعمیرات شروع کردی جائیں، جن شعبوں، صنعتوں کو پہلے ہی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جا چکا ہے وہ طے کیے گئے ایس او پیز کے مطابق کام کرتے رہیں گے جبکہ کھولے جانیوالے شعبے اور دکانیں کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق ایس اوپیز پر عمل کرنے کے پابند ہونگے،  پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی، لیبر اور دیگر افراد کو آمد و رفت کیلئے پرائیویٹ ذریعہ کا انتظام کرنا ہوگا۔

اجلاس میں صوبے میں گندم خریداری مہم کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ گندم خریداری مہم کیلئے خوراک،زراعت کے محکموں کے سیکرٹریزاضلاع کے دورے کریں، باردانہ کی فراہمی میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے۔

واضح رہےکہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے  اب تک 107 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5988 تک پہنچ گئی، 1446 افراد مہلک وائرس سے اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں