(سٹی 42) پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 107 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5988 تک پہنچ گئی، 1446 افراد مہلک وائرس سے اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 3016 جبکہ لاہور میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 484 ہو گئی، کورونا سے اب تک شہر میں 12، صوبے میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پنجاب میں کورونا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد508ہوگئی، میو ہسپتال سے 21 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد 116 ہو گئی۔
حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا اطلاق 25 اپریل تک ہوگا، تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، سرکاری اور نجی دفاتر ، پارکس، تفریحی مقامات بند رہیں گے،تمام قسم کی ٹریفک اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام قسم کے مذہبی ا جتماعات ، تقاریب ،تہوار اور سپورٹس فیسٹیولز پرپابندی ہوگی،میرج ہالز ، مارکیز اور تعلیمی ادارے کھولنے پر بھی پابندی ہو گی تاہم قانون نافذ کرنیوالے ادارے کھلے رہیں گے،یوٹیلیٹی کارپوریشن ،واسا ،میونسپل کمیٹی اورسوئی گیس کے ادارے بھی کھلے رہیں گے ،جبکہ مائیکرو فائنانسنگ، احساس کفالت پروگرام کی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سفارت خانوں میں کام کرنیوالوں کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں ہوگی،ہسپتالوں کے ملازمین، کلینکس ،لیبارٹریز،فارما سیوٹیکل کمپنیز، اورمیڈیکل سٹورزاوربینک ضروری سٹاف کیساتھ کھلے رہیں گے، ان کے علاوہ گراسری سٹورز،جنرل سٹورز،کریانہ ،بیکری، آٹا چکی، دودھ دہی کی دکانیں، چکن شاپس اور سبزی منڈیا ں بھی کھلی رہیں گی،ہوٹلوں پر ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی ،گراسری، جنرل سٹورز، کریانہ کی دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، ایگریکلچر مشینری ورکشاپس، سپئر پارٹس ورکشاپس، پٹرول پمپس ،آئل ڈپو 8 بجے کے بعد بھی کھلیں رہیں گے۔
دوسری جانب وفاق کے اعلان اور پنجاب کے نوٹیفکیشن میں بہت سے ابہام موجود ہونے سے عوام پریشانی کا شکار ہیں، انفرادی سروسز کی اجازت مگر متعلقہ مارکیٹس بند رکھنے سے ابہام پیدا ہو گئے ، وفاق کے نوٹیفکیشن میں حجاموں کو دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں حجاموں کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔