لوگ کورونا کا مقابلہ کریں یا بھوک کا: مہوش حیات

15 Apr, 2020 | 08:01 AM

Sughra Afzal

گارڈن ٹاﺅن (زین مدنی )صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے لوگوں کو مشکلات ہیں کہ وہ اس خطرناک وائرس کا مقابلہ کریں یا پھر بھوک کا۔

سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر ویڈیو پیغام میں مہوش حیات نے کہا کہ یہ وقت ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا ہے، پاکستان اس عالمی وبا سے بری طرح متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ ملک کی 25 فیصد آبادی غربت کی لکیر کے نیچے ہے ، اگر ہم لوگوں کے گھروں تک کھانا اور مدد پہنچانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان لوگوں کو باہر نہیں نکلنا پڑے گا اور وہ وائرس سے متاثر بھی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، آپ کے عطیات پاکستان میں زندگیاں بچانے میں مدد کریں گے . اداکارہ نے اپیل کی کہ سمندر پار پاکستانی پاکستان میں موجود لوگوں کی مدد کریں اور وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دیں۔

علاوہ ازیں معروف اداکارہ مہوش حیات نے لوگوں کو اپنے ہاتھوں کے ساتھ دل بھی صاف رکھنے کا شاندار مشورہ دیا، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ہمیں اپنے ہاتھوں کے ساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف کرنے کی ضرورت ہے اس لیے ایسے وقت میں اپنے دل میں کسی کے خلاف بھی کوئی بدگمانی نہ رکھیں اور اپنے دل کو ہر بری بات سے صاف کر لیں۔اللہ پاک ہم سب کو اپنی امان میں رکھیں۔

 یادرہے کہ بہت ہی مختصر عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اب تک بہت سی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں جن میں پنجاب نہیں جاؤں گی، جوانی پھر نہیں آنی، لوڈ ویڈنگ، چاولہ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

مزیدخبریں