سٹی42: چیمپئنز کپ کیی ٹیموں کیلئے بونس پوائنٹ کے رولز میں انقلابی تبدیلی کر دی گئی۔ اب ٹیموں کو رنز یا وکٹ کے مارجن کی بجائے رن ریٹ کے فرق کی بنیاد پر بونس پوائنٹ ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد میں جاری چیمپئنز کپ کے ون ڈے میچوں کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی اور بونس پوائنٹ کے حصول کیلئے نیا رول متعارف کروا دیا۔
پی سی بی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بونس پوائنٹ کے قانون میں تبدیلی کی گئی ہے اور نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں ٹیموں کے بونس پوائنٹ نیٹ رن ریٹ کے فرق سے شمار کئے جائیں گے۔چیمپئینز کپ کے آغاز پر جو رولز بتائے گئے تھے ان کے مطابق پلئینگ کنڈیشنز میں بونس پوائنٹس کا تعین وکٹ اور رنز کے مارجن سے کیا جانا تھا، اب جو نیا رول لایا گیا ہے اس کے تحت ایک رن فی اوور کے فرق پر ایک بونس پوائنٹ، دو رنز فی اوور کے فرق پر دو بونس پوائنٹ دیئے جائیں گے۔ تین رن فی اوور کے رن ریٹ فرق پر 3 بونس پوائنٹ ملیں گے۔
اس سے پہلے کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹیموں کو وکٹوں یا رنز کے مارجن سے جیت کی بنیاد پر بونس پوائنٹ ملنا تھے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بونس پوائٹس کے رول میں اس تبدیلی کا مقصد میچوں کو مزید دلچسپ بنانا ، مثبت اور تیز رفتار کرکٹ کے لئے مزید انسینٹِو دینا ہے۔
پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ایونٹ میں اگر کوئی میچ اننگز مکمل ہوئے بغیر واش آؤٹ یا منسوخ ہوا تو اس پر کسی ٹیم کو کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا۔
نئے رول کے مطابق 350 رنز سکور کرنے پر ایک اور 375 کرنے پر دو بونس پوائنٹ ملیں گے جبکہ پہلے پاوور پلے میں تین وکٹیں لینے یا 80 رنز کرنے پر بھی بونس پوائنٹ ملے گا۔