ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرزپر اچھی کارکردگی والے طلبا میں ای موٹر بائیکس تقسیم کریں گے ۔
الیکٹرک وہیکلز کےاستعمال کے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی اقدامات کررہی ہے،الیکٹرک وہیکلز سےایندھن کی بچت اورماحول میں بہتری پیدا ہوگی۔
وزیراعظم نے طلبا کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرزپر اچھی کارکردگی والے طلبا میں ای موٹر بائیکس تقسیم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانےکی بچت کیلئےتمام وفاقی سرکاری ادارے الیکٹرک بائیکس خریدیں۔
وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کےحوالےسےجامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی وزارت خزانہ اوراسٹیٹ بینک پاکستان سے مشاورت کی بھی ہدایت کردی۔انھوں نے نومبر میں ای وہیکلز پالیسی مکمل کرنے اور ملک میں ای وہیکلزکی تیاری سےمتعلق لائسنز کا ضابطہ کار بہتربنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ای وہیکلز پالیسی پرصوبوں ،وفاقی اکائیوں ،اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کریں۔
اجلاس میں سی ڈی اے کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر پلان ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔