کومل اسلم: لاہور میں موسم میں تبدیلیاں جاری ہیں،آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ ملک کے دوسرے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے،تازہ ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ،شہر میں آج بھی سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی/بالائی پنجاب اورکشمیر میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے،۔
پنجاب کے بیشتر علاقے مری، گلیات، اسلام آباد ،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، نورپور تھل، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ، لاہور، قصور، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش کی توقع ہے، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ اور بھکرمیں بھی چند مقامات پر جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بالاکوٹ، بونیر، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، اورکزئی، باجوڑ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں،ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران دیر، سوات، بٹگرام، ملاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، مردان، صوابی، پشاور اورکوہاٹ میں موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، لورالائی، شیرانی، موسیٰ خیل، زیارت، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، ساحلی علاقوں میں مطلع جز وی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔