پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے لئےاہم مشاورت شروع کر دی

14 Sep, 2023 | 08:39 PM

سٹی42: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم دو روزہ اجلاس کراچی میں جاری ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا   جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے اراکین سی ای سی کی تجاویز پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین و پیپلزپارٹی کے رہنما شریک ہوئے۔ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی آئندہ لائحہ عمل سے متعلق اہم اعلان کئے گئے۔

اجلاس کی پہلے روز کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے  میڈیا بریفننگ شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی اور شہزاد سعید چیمہ نے صحافیوں کو بتایا کہ کراچی میں ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں انتخابات، مہنگائی، پنجاب میں اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ چودھری منظور کو سیلاب زدگان کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کو کہا تھا۔

شازیہ مری نے بتایا کہ آج کی سی ای سی کراچی میں ہونے والی سی ای سی کا ہی تسلسل ہے۔ انتخابات کے حوالے سے سی ای سی میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملکی معاشی سیاسی و معاشی صورتحال کے حوالے سے سی ای سی میں بات چیت ہو رہی ہے۔

 شازیہ مری نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سی ای سی اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا، ابھی سی ای سی میں تجاویز دی جا رہی ہیں، جن کا حتمی فیصلہ تمام تجاویز آنے کے بعد ہو گا۔ سی ای سی کا اجلاس کل بھی جاری رہے گا جسکے بعد ایک باقاعدہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔

مزیدخبریں