(مانیٹرنگ ڈیسک) سیشن کورٹ میں پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے لیگی رہنما عطا تارڑ سمیت 11 ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق عبوری ضمانتوں کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عطا تارڑ ،رانا مشہود ،سیف الملوک کھوکھر اور اویس لغاری سمیت 11 ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ پولیس کی جانب سے نامکمل تفتیشی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔
عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا, عدالت نے پولیس سے تمام ملزمان کا ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے ملزمان کو مقدمے میں نامزد کررکھا ہے۔
عدالت میں پیشی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے،ہم پولیس کے پاس خود جا کر شامل تفتیش ہوئے, پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا بنتا تھا، ہمارے 197 اور ان کے 186 ارکان تھے، کیا کسی ایک ناکردہ گناہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ 15 سے زیادہ ایم پی اے ہمارے ساتھ ہیں،عمران نیازی کو مشورہ ہے وہ جائیں اور انویسٹی گیشن جوائن کریں۔