ویب ڈیسک : وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس آ رہے ہیں، عوام جس طرح ان کا استقبال کریں گے،عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، عمران خان مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا فتنہ چل نکلا تو ملک میں خون ریزی ہوگی، ریاستی اداروں کا احترام ہے،سیاسی جماعتوں کے لیے دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان اداروں کو للکار رہے ہیں،اگر عمران خان کو روکا نہ گیا تو شدید عوامی رد عمل آسکتا ہے۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے لیے مارا مارا پھر رہا ہے، اقتدار کے لیے اس کا انحصار سلیکشن کمیٹی پر تھا، اب اس کا انحصار امریکیوں پر ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ادارے عمران خان کی باتوں کا نوٹس لیں، عمران خان کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔
لیگی رہنما نے اپنی نیوز کانفرنس کے دوران عمران خان کے متنازعہ بیانات کے کلپس بھی چلائے۔