عابد چودھری: چوہنگ میں تیز رفتار کار ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے میں کار سوار خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ چوہنگ کے علاقے قزلباش چوک کے قریب ہوا جہاں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں 28 سالہ جمشید، 45 سالہ فائزہ اور نیلم موقع پر جاں بحق جبکہ 60 سالہ شہناز اور چالیس سالہ سمیرا شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی لاش مردہ خانے منتقل کر دیں اور ٹرالر ڈرائیو کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
دوسری جانب ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے 267 ٹریفک حادثات پر امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، حادثات کی زد میں آکر مجموعی طور پر 278 افراد زخمی ہوئے۔ 118 شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، 160 معمولی زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات تیز رفتاری، غفلت برتنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے۔